لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا آصف حسین ڈیال نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے میں حکومت کی غفلت سامنے لانے پر شہباز شریف کو نیب کے ذریعے نوٹسزبھجوائے جارہے ہیں، مسلم لیگ (ن)کورونا کے حوالے سے مسائل کی نشاندہی کرکے حکومت کو بیدار کر رہی ہے ، قیادت کی ہدایت پر مستحق افراد میں راشن کی تقسیم کا عمل جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی پی 157میں پارٹی دفتر میں عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے
مریضوں کی تعداد میں اضافہ تشویش کا باعث ہے لیکن حیرت ہے کہ وزیر اعظم اور وزراء اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں ۔ بتایا جائے حکومتی امداد کن خاندانوں میں تقسیم کی گئی ہے کیونکہ کاروبار بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی غفلت کی وجہ سے عوام کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہو رہا ہے ، حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے موثر حکمت عملی بنائے بصورت دیگر اس کے آنے والے دنوں میں انتہائی منفی اثرات سامنے آئیں گے۔