سانگھڑ (مانیٹرنگ ڈیسک) سانگھڑ میں سندھ حکومت کی جانب سے تقسیم کئے جانے والا راشن ایکسپائر نکلا، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق رات کی تاریکی میں تقسیم کئے گئے راشن کا وزن بھی کم نکلا، 13 سال پرانے چائے کے پیکٹ راشن کے تھیلوں میں ڈال دیے گئے،
چاول، دال، چینی اور آٹا بھی غیر معیاری نکلا اور راشن کا وزن بھی کم کر دیا گیا، لاک ڈاؤن کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے راشن تقسیم کرنے کا سلسلہ ضلعی حکومت کے زیراہتمام جاری ہے، نجی ٹی وی چینل کو اطلاع ملی کہ سانگھڑ کے علاقے ٹنڈوآدم اور جھول میں 13 سال پرانے چینی کے پیکٹ ڈالے گئے ہیں اور غیر معیاری اشیاء دی جا رہی ہے، لوگوں راشن کے انتظار میں بیٹھے تھے لیکن انہوں نے جب یہ راشن دیکھا تو ان کی امیدوں نے دم توڑ دیا، اس طرح انتظامیہ کی جانب سے بے روزگار ہونے والے اور غریب عوام سے دھوکہ کیا جا رہا ہے۔ اس ناقص راشن کی وجہ سے لوگ احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے کہاکہ ناقص اشیاء دے کر عوامکی زندگیوں سے کھیلا جا رہا ہے، شہریوں نے کہا کہ ہم کرونا سے تو نہیں مریں گے لیکن اس کے عمل سے ضرور مر جائیں گے۔ دوسری جانب سانگھڑ کے ڈپٹی کمشنر عمران الحسن خواجہ کا کہنا ہے کہ کچھ مقامات پر شکایات موصول ہوئی ہیں، ان شکایات کی بنیاد پر ٹھیکیدار کا ٹینڈر منسوخ کر دیا ہے۔