لاہور(این این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران کے سیکرٹری جنرل نعیم میر نے چیف جسٹس آف پاکستان سے لاک ڈاؤن ختم کروانے کے لئے سو موٹو لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ وفاق اور صوبے ایک پیج پر ہیں اور نہ ہی پولیس اور انتظامیہ میں مثالی کوارڈی نیشن ہے۔مصری شاہ میں انجمن تاجران لوہا مارکیٹ کے صدر عامر صدیق و دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نعیم میر نے لاک ڈان کو کنفیوز،منافقت اوراستحصالی قرار دیتے ہوئے
کہا کہ لاک ڈاؤن کرپشن اور رشوت کا بازار گرم کرنے کا ذریعہ بن گیا ہے۔تاجر اپنی ذاتی ضروریات کیسے پوری کریں،تاجر نہ کاروبار کھول سکتے ہیں اور نہ حکومت کوئی امداد دے رہی ہے، بند دکانوں میں چوری کی واردتیں ہورہی ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست سے ٹکرانا نہیں چاہیے اور نہ ہی ریاست کو ایک نئے مسئلے سے دوچار کرناچاہتے ہیں،ہم نہیں چاہیے کہ ہر مارکیٹ اور بازار میں تاجروں اور اداروں کے مابین تصادم شروع ہوجائے۔