گلگت (آن لائن) گلگت بلتستان کورونا کو شکست دینے والا پہلا خطہ بن گیا، گلگت میں ایکٹو کیسز کی تعداد 5 رہ گئی، گلگت ڈویڑن کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر کسی مریض میں وائرس منتقل نہیں ہوا، وائرس کی لوکل ٹرانسمیشن کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ ڈائریکٹر محکمہ صحت گلگت بلتستان ڈویڑن کے مطابق گلگت بلتستان میں مریض تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔بلتستان میں 86 کیسزمثبت رپورٹ ہوئے،
ان میں سے 81 صحت یاب ہوگئے ہیں۔اب گلگت میں صرف 5 ایکٹو کیسز رہ گئے ہیں۔ جہاں تک لوکل ٹرانسمیشن کی بات ہے تو مقامی سطح پر کسی مریض میں وائرس منتقل نہیں ہوا، وائرس کی لوکل ٹرانسمیشن کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنسینٹر کے مطابق ملک میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7481 تک پہنچ گئی، پاکستان میں ایکٹو کیسز کی تعداد 5506 تک پہنچ گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 465 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 3391 تک پہنچ گئی، سندھ میں 2217 کورونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے، خیبر پختونخواہ میں کیسز کی تعداد 1077 اور اسلام آبادمیں 163ہوگئی، بلوچستان میں 335، گلگت بلتستان میں کل 250 کیسز رپورٹ ہوئے۔ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 48 ہوگئی۔ مجموعی طور پر 38 فیصد کیسز دیگر ممالک سے آئے 62 فیصد مقامی طور پر پھیلے، کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 143تک پہنچ گئی، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 8 نئی اموات سامنے آئیں، سندھ میں 47، پنجاب میں 37، کے پی کے میں 50 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ گلگت بلتستان میں 3 اور بلوچستان میں 5 مریض کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے، کمانڈ سینٹر کے مطابق اب تک 92 ہزار 584 افراد کے کورونا وائرس کے لیے ٹیسٹ کئے گئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 6416افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، کرونا وائرس سے ابتک1832 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔