اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن کی گزشتہ دنوں ایک آڈیو کلپ لیک ہوئی تھی جس میں وہ اپنے دوست مختاریا سے کورونا وائرس کے حوالے سے بات کررہے تھے۔یہ آڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی کیوں کہ اس میں کورونا وائرس کے حوالے سے سنگین انکشافات کیے گئے تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگ یہ سوال پوچھنے لگے تھے کہ آخر یہ مختاریا ہے کون تاہم اب ندیم افضل چن کا کا حافظ آباد کا دوست مختار عرف ’مختاریا‘ منظر عام پر آگیا ہے۔گزشتہ دنوں کورونا وائرس کے پاکستان میں پھیلاؤ کے وقت وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن کی واٹس ایپ آڈیو گفتگو لیک ہوئی تھی جس میں وہ پنجابی زبان میں مخصوص انداز میں اپنے دوست کو مخاطب کرتے ہوئے گھر بیٹھنے کی ہدایت دے رہے تھے۔وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں ان کے ساتھ ان کا دوست مختار بھی موجود ہے۔مختار کا کہنا ہے کہ میں ندیم افضل کے پیغام کے بعد 21 دن گھر میں رہا اور پہلی بار ایسا ہوا ہے، اس وجہ سے میں اور میرے بچے بھی محفوظ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا نے ہمیں مشہور کیا ہے اور یہ سب مثبت انداز میں ہوگیا ہے۔آڈیو لیک پر مختار کا کہنا تھا کہ یہ آڈیو میں نے لیک نہیں کی جبکہ اس دوران ندیم افضل چن نے کہا کہ یہ گفتگو ان کی جانب سے بھی لیک نہیں ہوئی لہٰذا اس پر تحقیقات ہونی چاہیے کہ واٹس ایپ کا ذاتی نوعیت کا پیغام کیسے لِیک ہوگیا؟۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن خود بھی اس آڈیو لیک سے محظوظ ہوئے ہیں اور اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے متعدد بار اسی طرح کے طنز و مزاح کی ٹوئٹس کی ہیں۔