اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد انتظامیہ کی غفلت کے باعث وفاقی دارلحکومت کے دیہی علاقوں میں مقامی پولیس کی آشیر آباد سے کرونا لاک ڈائو ن برائے نام رہ گیا ،سہالہ میں دوکانداروں اور ریسٹورنٹ مالکان کے رات گئے تک دوکانیں کھول رکھی ہے جبکہ وہاں پردفعہ 144کی بھی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ،اسکے باوجود ذمہ داران ادارے ٹس سے مس نہیں ہو رہے جو افسوسناک ہے۔
ذرائع سے حاصل معلومات کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقہ سہالہ میں کرونا وائرس کے حوالے سے کیا گیا لاک ڈائو ن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے دوکاندار اور ہوٹل والے رات گئے تک دوکانیں کھول کر رکھتے ہیں۔گزشتہ رات کو بھی رات دس بجے کریانہ سٹور اور ریسٹورنٹ کھلے ہوئے تھے اور دوکانوں پر بے پناہ رش تھا ۔کسی بھی دوکان یا ریسٹورنٹ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بنائی گئی ایس او پی پر عمل نہیںکیا جارہا۔ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد سے دور ہونے کی وجہ سہالہ کے علاقے میں اسسٹنٹ کمشنر نہیں جا پاتے اور وہاں پر انتظامیہ نے چھوٹے ملازمین کی ڈیوٹیاں لگا رکھی ہیں جو وہاں پر جاتے ہی نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے مقامی تاجروں سے معاملات طے کر رکھے ہیں کہ انہیں کسی بھی قسم کی روک ٹوک نہیں ہو گی جبکہ ان سے مقامی پولیس نے بھی ساز باز کر رکھی ہے کہ اگر اوپر شکایت ہوئی تو آپ کو اطلاع کر دی جائے گی ۔جبکہ سہالہ کے علاقہ میں دفعہ 144 کی بھی خلاف ورزی کی جا رہی ہے جبکہ پولیس نے صرف ڈبل سواری کی چند ایف آئی آر کا کوٹی مقرر کر رکھا ہے ۔واضح رہے کہ اب دیہی علاقوں میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آ رہے ہیں اسکے باوجود دیہی علاقوں میں تعینات پولیس ٹس سے مس نہیں ہو رہی ۔