کراچی(این این آئی) جمعیت علماء پاکستان کے سینئر رہنماو بانی سیکریٹری جنرل متحدہ ختم نبوت فورم پاکستان محمد شکیل قاسمی نے کہاہے کہ لوگ وبائی امراض و دکھ تکلیف اور پریشانی کی صورت میں اللہ رب العزت کے گھروں کی طرف رخ کرتے ہیں اور وبائی امراض سے بچائو کیلئے اجتماعی صورت میں دعائیں کرتے ہیں،آج دنیابھرمیںغیر مسلم اسلام کی جانب راغب ہو رہے ہیں اور شعائراسلام میں کورونا سے تحفظ کو تلاش کررہے ہیں لیکن اسلامی نظریاتی مملکت میں اللہ کے گھروں نوگوایریابنادیاگیاہے ۔
یہ باتیں انہوں نے پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ویلفیئرایسوسی ایشن کے سیکریٹری اطلاعات محمدشاہد صابری سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کیلئے رجب المرجب، شعبان المعظم ، رمضان المبارک ، عید الفطر کے مبارک ایام بڑی اہمیت کے حامل ہیںان ایام میں مسلمان مساجد میں اجتماعی عبادات میں مشغول ہوتے ہیں لیکن افسوس اللہ تبارک وتعالی کے گھروں میںداخلے پابندیاں لگادی گئیں ہیں۔ہم حکومت سندھ سے درخواست کرتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر تعمیراتی ادارے اور فیکٹریاں جزوی طور پر کھولنے کے ساتھ ساتھ مساجد اور خطباء پر لگی پابندی کو ختم کرے تاکہ رمضان مبارک میں عوام کو تراویح ،افطار،اعتکاف کے بابرکت اعمال میں شرکت کا موقع فراہم ہوسکے اور مسلمان اپنے رب کو راضی کر کے کرونا جیسی آفت اور بلائوں کے خاتمے کیلئے دعائیں کرسکیں اور اس کے ساتھ ساتھ شہر کے تجارتی و کارباری مراکز کو بھی جزوی طورپر کھولنے کی اجازت دینے سے عوام رمضان مبارک اور عید الفطر کی خریداری میں پیش آنیوالی مشکلات سے بچ سکیںگے اور دکانداروں وتاجروں نے ان تہواروں پر فروخت کے لئے جو سامان رکھاہواہے وہ بھی بیچ کر اپناگزربسر کرسکیں۔انہوں نے عوام سے ابھی اپیل کی کہ اس موذی وبا سے بچائو کیلئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیںاور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کریں تاکہ کوروناسے تحفظ کو یقینی بنایاجاسکے۔ ان کا کہناتھا کہ حکومت کاروباری مراکز پر نرمی کے ساتھ ساتھ رمضان مبارک کی آمد سے پہلے مساجدپر لگی پابندیاں بھی نرم کی جائیں
کیونکہ رمضان مبارک کی آمد کے بعد عوام کو مساجد میں روکنا مشکل ہوجائے گا، جس طرح سبزی منڈیوں میں اور دیگر مقامات پر حفاظتی اقدامات کے ساتھ اجازت دی گئی ہے اسی طرح تمام مساجد کے باہر بھی حفاظتی اقدامات کرکے مذہبی فرائض کی ادائیگی کی اجازت دی جائے تاکہ مسلمان اللہ کے حضور میں حاضر ہو کر کرونا اور دیگر آفات سے نجات حاصل کر سکیں۔ انہوں نے اس موقع پرکہا کہ انتظامیہ کی جانب سے آئمہ مساجد کو بے جاتنگ کرنابندکیاجائے ،آئمہ کرام نماز کی ادائیگی کیلئے مساجد میں روک ٹوک نہیںکرسکتے۔