اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے منگل کو اٹارنی جنرل سے ملاقات کی جس میں مختلف قانونی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نور الحق قادری نے کہاکہ کسی مقدمہ سے متعلق نہیں بلکہ کچھ وزارتی امور پر اٹارنی جنرل سے مشاورت کرنے آیا تھا۔
صحافی نے سوال کیاکہ کیا اس سال حج ہو سکے گی؟ ۔وفاقی وزیر نے جواب دیاکہ ہماری کوشش اور خواہش یہی ہے کہ حج ہو جائے۔ صحافی نے پوچھا کہ سننے میں آیا ہے کہ صرف سعودی عرب میں مقیم لوگ حج کر سکیں گے۔ نور الحق قادری نے کہاکہ سعودی عرب کے ساتھ مل کر کئی آپشنز پر غور کر رہے ہیں،حج ہو گی یا نہیں حتمی فیصلہ ماہ رمضان کے آخر میں کریں گے۔