اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مختلف تاجر تنظیموں نے کل سے کاروبار کھولنے کا اعلان کردیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین سندھ تاجر اتحاد جمیل پراچہ نے کہا کہ 28 دن سے کراچی بند ہے اور لوگ سسک رہے ہیں، کراچی سے کشمور تک کا تاجر بدحال ہوچکا ہے، چھوٹے تاجر اوران کے ملازم فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔نجی ٹی وی جیو کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ
لاکھوں ملازمین کو ایک ماہ کی بمشکل تنخواہیں ادا کی ہیں، کل سے تمام حفاظتی انتظامات کےساتھ دکانیں کھول دیں گے۔جمیل پراچہ کا کہنا تھاکہ دوسرا آپشن یہ ہےکہ اہل خانہ کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ جائیں اور دکانوں کی چابیاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں جمع کرادیں گے، ہم نے پہلے اعلان کیا لیکن وزیراعلیٰ اور گورنرسندھ نےکوئی رابطہ نہیں کیا لہٰذا تمام تر صورتحال کے ذمہ دار وزیراعلیٰ اورگورنرہاؤس ہیں۔دوسری جانب تاجر رہنما رضوان عرفان نے کہا کہ اب مزید لاک ڈاؤن برداشت نہیں کرسکتے، کل سے ہم اپنا کاروبار کھول لیں گے، ہم حفاظتی اقدامات کے ساتھ کاروبار کھول لیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلے کا احترام کیا اور ہم نے ساتھ دیا لیکن لاکھوں لوگ ہمارے پاس ملازم ہیں جنہیں ایک ماہ کی تنخواہ دے دی۔دوسری جانب تاجروں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے مطالبہ کیا ہے کہ منگل کو 15 اپریل سے لاک ڈاؤن محدود کر کے تاجروں کو جزوقتی کاروبارکھولنے کی اجازت دی جائے۔میڈیارپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے تاجروں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے مطالبہ کیا کہ15 اپریل سے لاک ڈاؤن محدود کر کے تاجروں کو جزوقتی کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے اور ہم یہ گارنٹی دیتے ہیں کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جو بھی حفاظتی ایس او پیز جاری کئے جائیں گے ان پر مکمل عمل درآمد کروایا جائے گا۔ چھوٹے تاجر مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں فاقہ کشی پر مجبور نہ کیا جائے دوکانوں کے ملازمین کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔
اس حوالے سے آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد خالد محمود چودھری، جناح سپر مارکیٹ کے صدر ملک رب نواز، جنرل سیکرٹری رحمان صدیقی۔ سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد عباسی جنرل سیکرٹری محمد حسین۔ ستارہ مارکیٹ کے صدر سید الطاف حسین بلیو ایریا کے صدر یوسف راجپوت جنرل سیکرٹری راجہ حسن اختر
بلیو ایریا ایسٹ کے صدر راجہ عماد بن عارف نے بیان میں مزیدکہاکہ تاجر برادری کورونا جیسی وبا کے خاتمے کیلئے مکمل طور پر حکومت کے ساتھ ہے، ہمیں یہ بھی احساس ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر نہ اپنائی گئیں تو مشکلات بڑھ بھی سکتی ہیں۔قبل ازیں پنجاب کے تاجروں نے 14اپریل کو دوکانیں کھولنے کا اعلان کیا ہے ، تاجر رہنمائوںکا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نےمکمل لاک ڈائون برقرار نہ رکھا ،
انڈسٹری کھولنے کی اجازت دی گئی تو ہم دکانیں کھول لیں گے ۔اس حوالے سے سینئر صحافی و اینکر پرسن طلعت حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا ہے کہ ’’پنجاب کے تاجر رہنماوں نے 14اپریل سے دوکانین کھولنے کا اعلان کر دیا، اگر حکومت نے مکمل لاک ڈان کرنے کی بجائے صرف انڈسٹری کھولنے کی اجازت دی تو ہم بھی دوکانیں کھول دیں گے۔یا مکمل لاک ڈان کیاجائے یا سب کو کاروبار کی اجازت دی جائے۔تاجر رہنماوں کا موقف‘‘۔