لاہور( این این آئی) کاشانہ ویلفیئر ہوم کی سابقہ سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے وزیر قانون راجہ بشارت کا پتلا نذر آتش کر کے اپنے احتجاج ریکارڈ کرایا ، افشاں لطیف نے سوئی گیس اور پانی کے کنکشن منقطع کرنے کے خلاف احتجاجاًپریس کلب کے باہر لکڑیاں جلا کر کھانا بھی پکایا ۔ کاشانہ ویلفیئر ہوم کی سابقہ سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے کہا کہ اقراء کائنات کے قتل کے خلاف آواز اٹھانے پر مجھے انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ پوسٹمارٹم رپورٹ میں واضح آ چکا ہے کہ اقراء کائنات کو بھوکا اور پیاسہ رکھا کر مارا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ
ایک طرف حکومت کہہ رہی ہے کہ لاک ڈائون میں کسی کا بجلی، گیس او رپانی کا کنکشن منقطع نہیں کیا جائے گا او ر دوسری جانب ایک سرکاری گھر کا گیس اور پانی کا کنکشن منقطع کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں جب تک اقراء کائنات کے قتل کا انصاف نہیں لے لیتی میری جدوجہد جاری رہے گی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور دیگر انصاف کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔اس موقع پر افشاں لطیف نے وزیر قانون راجہ بشارت کا پتلا بھی نذر آتش کیا اور لکڑیوں پر کھانا بھی پکایا ۔