راولپنڈی(این این آئی) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوارالحق نے وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عمر کے ہمراہ شہباز سپورٹس کمپلیکس ڈبل روڈ راولپنڈی میں 120 بستروں پر مشتمل کورونا فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران فیلڈ ہسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لئے مختص کی گئی طبی سہولیات کا جائزہ لیا-
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوارالحق نے بتایا کہ فیلڈ ہسپتال میں تمام تر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں – انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر مزید فیلڈ ہسپتال اور قرنطینہ سنٹر قائم کئے جا رہے ہیں – انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہیئے کہ وہ کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے حکومتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور غیرضروری سفر سے پرہیز کریں -بعد ازیں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوارالحق نے راولپنڈی وویمن یونیورسٹی سیٹلائیٹ ٹاؤن میں قائم قرنطینہ سنٹر کا بھی دورہ کیا- اس موقع پر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عمر بھی ان کے ہمراہ تھے – دورے کے دوران وہ کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کے لئے قائم قرنطینہ سنٹر میں گئے اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے کئے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے بہترین اقدامات اور عوام کے تعاون سے کوروناوائرس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔