کراچی(این این آئی)عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر جاری سندھ بھر میں لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کرانے والے پولیس اہلکاروں کی جانب سے سہولیات نہ ہونے پر شکایت کی گئی ہے۔لاک ڈاؤن کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے ماڈل ٹریفک سیکشن کے اہلکاروں کی جانب سے ویڈیو بنا کر افسران سے اپیل کی ہے کہ کرپشن کی انتہا ہے کہ ہمارے ساتھ ایسا سلوک کیا جارہا ہے، 2 اہلکاروں کو ایک بریانی اور ایک پانی کی بوتل دی جا رہی ہے جبکہ 2 جوانوں کے لیے کھانے کی مقدار بہت کم ہے۔پولیس اہلکاروں نے کہاکہ
آئی جی سندھ،ڈی آئی جی اور ایس ایس پی نوٹس لیں، اہلکاروں نے ویڈیو میں پولیس کی جانب سے دیا گیا کھانا بھی دیکھایا ہے۔پولیس اہلکار وں نے کہاکہ سخت دھوپ اور گرمی میں ڈیوٹی دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ سندھ حکومت لاک ڈاؤن پر مامور پولیس اہلکاروں کے لیے بجٹ جاری کر چکی ہے جس کے مطابق 8 کروڑ 49 لاکھ روپے سندھ حکومت کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو جاری کیے جا چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق سندھ پولیس نے اہلکاروں کو کھانا، ماسک، سینیٹائیزر فراہم کرنے کااعلامیہ جاری کیا تھا۔