رائے ونڈ (این این آئی ) رائے ونڈ کے نواحی علاقہ رائو خانوالا میں احساس پروگرام کی آڑ میں سادہ لوح خواتین سے پیسے بٹورنے کا انکشاف ،ضلعی انتظامیہ نے لاعلمی کا اظہار کردیا ۔تفصیلات کے مطابق ضلع قصور کے علاقہ رائو خانوالا کے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول میں قائم احساس سنٹر میں خواتین کو 12ہزار روپے کی ادائیگی کے دوران ان سے جعل سازی کا انکشاف ہوا ہے احساس سنٹر میں آنیوالی خاتون نسرین بی بی جب اپنی رقوم کے حصول کیلئے انگوٹھے لگائے تو اسکی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سابقہ رقم 9000بھی نکال لئے گئے
جس پر میڈیا کے نمائندے نے جب احساس پروگرام کے نمائندے سے پوچھا کہ اس خاتون کے 21ہزار روپے آئے ہیں تو ڈیوٹی پر موجود عملہ گھبرا گیا اور مذکورہ خاتون کو کل رقم اکیس ہزار روپے ادا کردی گئی اس واقعہ پر تحصیل دار قصور اور ڈی ایس پی قصور کو مطلع کیا گیا تو انہوں نے واقعہ کو دبانے کی کوشش کی اور نشاندہی کرنیوالے میڈیا پرسن میاں عبدالرحیم کو سنٹر سے باہر نکال دیا مقامی سماجی ،صحافتی حلقوں نے رائو خانوالا سنٹر میں غریب لوگوں کی امداد میں کرپشن کرنیوالے عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔