کراچی(این این آئی) سندھ میں ایک شہر سے دوسرے شہر ٹیکسیوں میں سفر کرنے والوں سے متعلق ہدایات میں مزید سختی کر دی گئی ہے۔اس ضمن میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے سندھ میں لاک ڈائون پر عمل درآمد کے سلسلے میں اہم بیان جاری کرتے ہوئے ایک سے دوسرے شہر ٹیکسی میں مسافر لے جانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
صوبائی وزیرنے کہاکہ سندھ سے پنجاب، کے پی اور بلوچستان کے لیے ٹیکسیوں میں 4 سے زائد افراد سفر کر رہے ہیں، محکمے کے افسران اور پولیس ان ڈرائیورز کیخلاف کارروائی کر کے گاڑیاں تھانے میں بند کریں، ایک شہر سے دوسرے شہر جانے والوں کو متعلقہ تھانے سے اجازت نامہ لینا ہوگا۔وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ شہری تھانے سے اجازت لے کر ایمرجنسی میں ٹیکسی استعمال کر سکتے ہیں، ایمرجنسی میں بھی ڈرائیور کے ساتھ ایک شہری کو سفر کی اجازت ہے، ٹیکسی میں سفر کرنے والے افراد ایس ایچ او کا اجازت نامہ ساتھ رکھیں گے، اجازت نامہ نہ ہونے پر گاڑی تھانے میں بند کی جائے گی۔اویس شاہ نے کہاکہ لاک ڈائون میں بلاوجہ کسی کو بھی سفر کی اجازت نہیں ہے، ٹیکسی میں دوسرے صوبوں کو جانے پر بھی پابندی ہے، گاڑی میں زائد افراد کے سفر سے کرونا وائرس پھیل سکتا ہے۔