کراچی(این این آئی) ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ یہ وقت پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں، قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی جانب سے لگائے گئے الزام کے جواب میں ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہاکہ کورونا سے نمٹنے کے لئے کئی دنوں سے وفاق کو سمجھانے کی کوشش کررہے ہیں،
سندھ حکومت کے وزراء اپنے اپنے حلقوں میں موجود ہیں، حلقوں میں موجود وزراء کے نام لے کر بتا سکتا ہوں، شکر ہے تنقید کے بہانے فیصل واوڈا اپنے گھر سے نکل آئے، دنیا فیصل واوڈا کا کردار جانتی ہے۔مرتضی وہاب نے کہاکہ دادواور ٹنڈو محمد خان میں افسران احساس پروگرام کے تحت دیئے جانے والے پیسے کاٹتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، وہاں پی ٹی آئی رہنما مستحقین سے پیسے لیتے پکڑے گئے ہیں، مستحقین سے پیسے لینے والے پی ٹی آئی رہنما ہیں۔ترجمان سندھ حکومت نے کہاکہ مشکل وقت میں تنقید کی بجائے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، یہ وقت پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں، قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے، فیصل واوڈا سے کہتا ہوں تنقید کرنے سے عوام کی خدمت نہیں کرسکتے، پیپلز پارٹی حکومت کیخلاف پروپیگنڈا سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، فیصل واوڈا آئیں اور مل کر عوامی فلاح کے لئے کام کریں۔