کراچی (این این آئی) جمشید ٹاؤن پولیس کی حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔تین ہٹی پل پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگوادیں۔صحافی کے استفسار پرپولیس اہلکار نے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ کورونا لگنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تین ہٹی پل پر پولیس کے ناکے کے باعث لاک ڈاؤن میں ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہونا معمول بن گیا ہے۔ناکے پر موجود پولیس اہلکار صرف ایک ایک گاڑی کو ناکے سے گزرنے کی اجازت دیتے ہیں،جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطارلگ جاتی ہے۔ہفتہ کو ایسی ہی صورت حال میں ایک صحافی نے ناکے پر اہلکار سے اس حکمت عملی کے بارے میں استفسار کیا کہ ایس اقبال نامی اہلکار نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ کوورنا لگے۔صحافی کی جانب سے جب پولیس اہلکار سے کہا گیا کہ وہ اس کا موقف جان رہا ہے اس لیے مذاق نہ کیا جائے تو پولیس اہلکار نے دوبارہ جواب دیا کہ سنجیدہ ہے اور اس کا موقف یہی ہے کہ وہ شہریوں میں زیادہ سے زیادہ کورونا لگنے کا خواہش مند ہے۔ادھر شہری حلقوں نے ناکوں پر موجود پولیس اہلکاروں کی غیر سنجیدگی پر کہا ہے کہ کوروناوائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں ہنگامی صورت حال کا نفاذ ہے لیکن کراچی پولیس کے اہلکار اس کو بھی سنجیدگی سے لینے کو تیار نہیں ہیں۔انہوں وزیراعلیٰ سندھ اور اعلیٰ پولیس حکام سے اپیل کی کہ جمشید ٹاؤن پولیس اور مذکورہ پولیس اہلکار کی غیر سنجیدگی کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے۔