اسلام آباد (امین این آئی)چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہاہے کہ ادارہ تمام صوبوں کو سامان فراہم کر رہا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق قومی ائیرلائن پی آئی اے کا خصوصی جہاز چین سے امدادی سامان لے کر ہفتہ کی صبح پاکستان پہنچ گیا ہے اور گزشتہ روز بھی بیجنگ سے امدادی سامان لے کر
ایک جہاز آیا تھا۔دفتر خارجہ نے بتایا کہ چین میں پاکستانی مشنزکورونا سے لڑائی میں حکومت اور این ڈی ایم اے کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں، تمام امدادی سامان این ڈی ایم اے کے لیے بھیجا گیا ہے۔دوسری جانب اسلام آباد میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام سامان وفاقی حکومت کے ذرائع سے لیا گیا ہے اور سامان کی خریداری میں کوئی صوبائی فنڈ استعمال نہیں ہوا، چین سے آنے والا سامان تمام صوبوں کو فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے 11 آرمی لیبارٹیز میں بھی ٹیسٹنگ کی سہولت دی ہے، ملک میں 30 سے 40 ہزار ٹیسٹنگ کی سہولت موجود ہے، پاکستان میں 75 دن تک ٹیسٹنگ کی سہولت اس وقت موجود ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ این ڈی ایم اے تمام صوبوں کو سامان فراہم کر رہا ہے، خیبر پختونخوا کے چھوٹے بڑے ہسپتالوں کو سامان پہنچ چکا ہے۔