کراچی(این این آئی)کورونا وائرس سے سرکاری و نجی اسپتالوں میں طبی عملہ اور ڈاکٹرز بھی متاثر ہونے لگے جب کہ شہید بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر کے آئی سی یو میں کام کرنے والے 35 سالہ ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔شہید بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر آئی سی یو میں کام کرنے والے ڈاکٹر نوید جتوئی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی متاثرہ ڈاکٹر کی عمر 35 سال ہے۔
ڈاکٹر نوید کاسول اسپتال میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا، ٹیسٹ کے نتائج آنے پر کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، ڈاکٹر نوید جتوئی گھر میں قرنطین ہیں۔متاثرہ ڈاکٹر نوید جتوئی نے بتایاکہ مجھے سوکھی کھانسی تھی جس کے بعد ڈاکٹرز کے مشورے پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا اور ٹیسٹ کے نتائج میں وائرس کی تشخیص ہوئی، ایکسرے بھی کروایا تھا جو صحیح آیا تھا، کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد خود کو گھر میں قرنطین کر لیا ہے اور گھر والوں سے خود کو الگ کرلیا ہے، گھر والوں میں سے کوئی متاثر نہیں ہوا ہے۔شہید بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر اعجاز زبیری نے بتایا کہ ہمارے پاس ایک ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، متاثرہ ڈاکٹر رابطے کے ذریعے متاثر ہوئے ہیں، کیونکہ ہمارے پاس کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج اور ٹیسٹ کی سہولیات نہیں ہیں، کورونا وائرس رابطوں کے ذریعے ملک بھر میں پھیل رہا ہے، ڈاکٹر میں تشخیص ہونے کے بعد ہم نے متاثرہ ڈاکٹر کو گھر بھیج دیا ہے جبکہ ان کے ساتھ آئی سی یو میں کام کرنے والے عملے کو بھی چھٹیاں دے دی گئی ہیں۔پی پی ای کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ تمام یونٹس میں تمام ملازمین کو وائرس سے بچائو کا حفاظتی سامان فراہم کیا ہوا ہے اور ماسک کے استعمال کو بھی یقینی بنایا ہوا ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق آئی سی یو میں عملے کو چھٹیاں دینے کے بعد عملے کی شدید کمی کے باعث نئے مریضوں کو عارضی طور پر داخل نہیں کیا جارہا ہے