اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اسلام آباد میں موبائل یوٹیلیٹی اسٹور سرویس کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہاکہ ابتدائی طور پہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں موبائل اسٹورز کے ذریعے اشیاء خورو نوش فراہم کی جائیں گی۔
اسد عمرنے کہاکہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کیلئے 08 موبائل اسٹورز مختص کیے گئے ہیں،اس اقدام کا فیصلہ وزیرِ اعظم کے خصوصی ریلیف پیکج برائے کورونا کے تحت کیا گیا ہے،اگلے 2 ہفتوں تک ان موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز کا دائرہ کار ملک بھر تک پھیلایا جائے گا۔اسد عمر نے کہاکہ اس اقدام کا دائرہ کار ملک بھر تک محیط ہو گا،اس اقدام کے تحت اشیاء ضروریہ سستے داموں فراہم کی جائیں گی۔اسد عمر نے کہاکہ آٹا، چینی، دالیں اور گھی سستے نرخوں پر گلی گلی فراہم کی جائیں گی،حکومت اشیاء ضروریہ کی فراہم متاثر ہونے نہیں دے گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عوام کورونا کے خلاف حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے گھروں تک محدود رہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی سہولت کیلئے 50 ارب کا پیکج منظور کیا گیا،لوگوں کے گھروں تک راشن وزیر اعظم کی ہدایت پر پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کی انتظامیہ اورملک بھر کی ضلعی انتظامیہ گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز نے کہاکہ پورے ملک میں چار ہزار یوٹیلٹی سٹورز ہیں،یوٹیلیٹی اسٹورز کی عوام تک رسائی کو بڑھانے کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے۔ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز نے کہاکہ مساجد اور اعلانات کے ذریعے عوام کو پیغامات پہنچائے جائیں گے۔