اسلام آ باد ( مانیٹرنگ ڈیسک) چینی بحران پر قائم تحقیقاتی کمیٹی نے وفاقی حکومت کو چینی درآمد کرنے کی تجویز دیدی ہے۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی کہ قیمتوں میں استحکام کیلئے چینی درآمد کرنے پر غور کیا جانا چا ہئے،چینی کی قیمت100روپے سے بڑھ جانیکاخدشہ ہے،بڑی شوگر مارکیٹوں میں قیمت بڑھنے پر سٹہ کھیلا جارہا ہے ، صوبائی محکموں کو صورتحال سے خبردار کیا جائے۔
قومی موقر نامے کی رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے ذخائر برقرار رکھنے کیلئے چینی درآمد کرنے کی تجویز دی ہے۔ رپورٹ کے مطا بق اس سال ملک میں چینی کی پیداوار 47 لاکھ 80 ہزار ٹن ہے۔ ملک میں چینی کا کیری اوور اسٹاک5 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن ہے ۔کمیٹی کے مطا بق چینی کا اسٹاک ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تقریبا کافی ہوگا ۔کمیٹی کے مطا بق چینی کی ضروریات کی معمولی کمی کا ذخیرہ اندوز فائدہ اٹھاتے ہیں ۔ اس لئے مارکیٹ میں قیمتوں میں استحکام کیلئے چینی درآمد پر غور کیا جائے ۔ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی کی قیمت 100 روپے سے اوپر جانے کا خدشہ ہے۔ سٹہ ہورہا ہے کہ رمضان کے مہینے میں چینی کی قیمت 100 روپے سے اوپر چلی جائے گی ۔بڑی شوگر مارکیٹوں میں چینی کی قیمت بڑھنے پر سٹہ کھیلا جارہا ہے ۔کمیٹی نے ر ائے دی ہے کہ صوبائی محکموں کو صورتحال سے خبردار کیا جائے۔ تحقیقاتی کمیٹی نے سٹہ کھیلنے والوں کے خلافکریک ڈاؤن کی سفارش کی ہے۔ رپورٹ کے مطا بق انٹیلی جنس اداروں اور صوبائی اسپیشل برانچ کو سٹہ کھیلنے والوں کا بخوبی علم ہے۔ رپورٹ کے مطا بق پہلے سے خریدی گئی چینی کو اٹھانے کا عمل انتہائی سست روی کا شکار ہے ۔ کمیٹی نے سفا ر ش کی ہے کہ پہلےسے خریدی گئی چینی کو مناسب وقت پر اٹھانے کو یقینی بنانا ہوگا۔