بہاول پور( آن لائن) کورونا وائرس کے خلاف جنگ ارکان اسمبلی کا بہت اہم کردار ہے لیکن اکثر ارکان منظر سے غائب ہیں،جبکہ پاکستان کے ٹاپ ٹین امراء بھی مصیبت کی گھڑی میں کہیں نظر نہیں آ رہے،البتہ ڈاکٹرز ‘ پیرامیڈیکل سٹاف ‘ مقامی مخیر ادارے اور شخصیات ‘ افواج پاکستان ‘ رینجرز اور پولیس ‘ انتظامیہ اپنی اپنی بساط کے مطابق کام کرنے کے لئے کوشاں ہیں.
ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین ضلع بہاولپور کی صدر تابندہ چوہان نے اپنے ایک بیان میں کیا. ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث غریب لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے. راشن کی تنگی کے علاوہ روزمرہ اخراجات کے لئے رقم بھی نہیں ہے. ارکان اسمبلی کو اپنے حلقے کے لوگوں کے بارے میں تمام معلومات ہوتی ہیں چنانچہ وہ مستحق لوگوں کی امداد کے لئے آگے بڑھیں۔محترمہ تابندہ چوہان نے مزید کہا کہ کورونا کی وباء کے خلاف جنگ میں دنیابھر میں دولت مند افراد نہ صرف اپنے عوام کے لئے بلکہ دنیا کے دیگر ممالک کی امداد کے لئے دل کھول کر مالی امداد دے رہے ہیں لیکن پاکستان کے چوٹی کے مالدار اداروں اور ٹاپ ٹین امراء کی اکثریت کی توجہ کہیں نظر نہیں آتی جو افسوسناک ہے۔ تابندہ چوہان نے کرونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عوام سے گھروں تک محدود رہنے اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کی۔