لاہور(این این آئی ) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈا کٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ تمام نجی ادارے ملازمین کی تنخواہیں نہ روکیں۔ہرفردانفراد ی طورپراپنے گھروں میں اللہ تعالیٰ کی بارگارہ میں توبہ و استغفار کرے، مخیرحضرات آزمائش کی اس گھڑی میںمعاشرے کے غریب خاندانوں کی مدد کیلئے آگے آئیں۔
استغاثہ کے طورپر اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کوخوف،بھوک اورکھیتوں کی کمی سے آزماتاہے ۔کروناوائرس کی صورت میں یہ تمام آزمائشیں انسانیت پر آئی ہوئی ہیں تواس صورتحال میں بحیثیت مسلمان ہمیں بارگاہ خداوند ی میں توبہ واستغفار کرنا ہوگی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہاکہکرونا سے نجات کیلئے خدا کے حضور گڑگڑا کر گناہوں کی معافی مانگنے کی ضرورت ہے۔کرونا وائرس سمیت کسی بھی وبا کو احتیاطی تدابیر اور رجوع الی اللہ کے ذریعے سے ہی روکنا ممکن ہے۔احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اسلام کا حکم اور سنت رسول ہے۔ لوگ گھروں میں رہ کر تلاوت قرآن، درود شریف اور نوافل کو اپنا معمول بنائیں۔ مخیر حضرات کرونا سے متاثرہ غریبوں کی مدد کریں۔ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس، نرسز، پاک فوج،پولیس، ریسکیو اور رضا کار ہمارے ہیروز ہیں جو کہ کورونا وباء سے پیدا شدہ صورت حال میں فرنٹ لائن پر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔انسانیت کو بچانے کیلئے کو شاں تمام طبی عملے کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔