کابل (این این آئی)افغانستان کے صدر اشرف غنی اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز ٹیلیفونک گفتگو میں افغان عمل امن پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔کابل میں افغان صدارتی محل سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کے سربراہ نے صدر اشرف غنی کے دوبارہ انتخاب اور بین الافغانی مذاکرات کیلئے تمام جماعتوں پرمشتمل مذاکراتی ٹیم بنانے پر انہیں مبارکباد دی ۔بیان کے مطابق جنرل باجوہ نے اسامید کا اظہار کیا کہ طالبان اور افغان حکومت کی ٹیم کے درمیان
امن مذاکرات میں پیش رفت ہوگی۔ٹیلی فونک گفتگو میں کرونا وائرس کے خلاف مشترکہ کوششیں ،تجارت اور راہداری کے موضوعات پر بھی دونوں رہنمائوں نے تفصیلی گفتگو کی ۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنمائوں نے کرونا وائرس کے خلاف بین الاقوامی اور علاقائی تعاون پر زور دیا اور دونوںممالک نے مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق کیا ۔اس کے علاوہ دونوں ممالک نے اس پر بھی اتفاق کیا کہ افغا ن تاجروں کے مال کو افغانستان بھیجنے کیلئے افغان تاجروں کو سہولت فراہم کی جائے ۔