کراچی(نیوز ڈیسک) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے جمعہ کو دوپہر 12 سے سہ پہر تین بجے تک کرفیو کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرفیو کے ذریعے لوگوں کو جمعہ کی نماز ادا کرنے سے روکنا عذاب الٰہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ اللہ کے گھر مساجد شعائر اللہ ہیں۔ پہلے مساجد پر تالے علمائے کرام کی گرفتاریاں نمازیوں کی پکڑ دھکڑ و مقدمات
اور اب لوگوں جمعۃ المبارک کی نماز سے روکنے کے لیے آمرانہ اقدامات قابل مذمت ہیں۔ کوئی سوچ بھی نہیں سکتاکہ باب الاسلام اور کلمہ طیبہ کے نام سے معرض وجود میں آنے والے ملک میں مسجدوں پر تالے لگانے اور جمعہ کی نماز پڑھنے سے روکنے کے لیے کرفیو لگایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے خاتمے و حفاظتی تدابیر کے لیے پوری قوم یکسو ودعاگو مگر قوم مساجد شعائر اللہ و جمعہ کی نماز پر پابندی کو قبول نہیں کرے گی۔