لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان نے گالم گلوچ برگیڈ کو ٹائیگر فورس کا نام دے دیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر سیاستدانوں اور صحافیوں کو گالیاں دینے والے اب بیروزگار افراد کے گھروں میں راشن تقسیم کرینگے۔تحریک انصاف کے ایم این ایز اور ایم پی ایز گھروں میں چھپ گئے ہیں۔
حکومتی رہنمائوں کے گھروں کے باہر بیروگار افراد نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔صحت کارڈ کے فلاپ ڈرامے کے بعد اب راشن کارڈ بنائے جارہے ہیں۔عمران اور بزدار ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔وفاق میں عمران خان کی اور پنجاب میں عثمان بزدارکی کوئی سننے کو تیار نہیں۔اگر این ڈی ایم اے جیسا ادارہ نہ ہوتا تو کرونا وائرس خوفناک حد تک پھیل چکا ہوتا۔عمران حکومت کرونا کے خاتمے کی بجائے لاک ڈائون پر دن رات کام کررہی ہے۔وزیراعظم لاک ڈائون کے مخالف اور وزراء لاک ڈائون کے حامی ہیں۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا اقوام متحدہ نے بھی پاکستان میں کرونا کے پھیلائو کی وارننگ جاری کردی ہیں لیکن عمران حکومت پھر بھی ٹس سے مس ہونے کا نام نہیں لے رہی۔عمران خان اپنی پوری زندگی چندہ مانگتے گزار دی ہے۔ایٹمی ملک کا سربراہ ہونے کے باوجود عمران خان کی چندہ مانگنے کی عادت ختم نہیں ہوئی۔