اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کرونا وائرس کیخلاف پاکستان کی جنگ میں مدد کیلئے سعودی عرب بھی میدان میں آگیا ۔ تفصیلات کے مطابق کروناوائرس سے نمٹنے کیلئے سعود ی عرب نے سرجیکل ماسک، سیفٹی کٹس ، تشخیص کٹس سمیت دیگر طبی حالات پاکستان کے حوالے کر دیئے ۔ امدای سامان میں 500سرجیکل ماسک کے باکس، 500سینٹی ٹائزر ، 1500 سیفٹی کٹس، 350 تشخیصی کٹس ،
سرجیکل گلوز کے 550 باکس سمیت دیگر سامان شامل ہے ۔ طبی آلات کا سامان سعود ی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کے حوالے کیا ۔ سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ اور مثالی تعلقات ہیں ۔ دوسری جانب جاپانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے جاپان پاکستان کو 21 لاکھ 60 ہزار ڈالر دے گا۔سفارت خانہ جاپان کا کہنا ہے کہ جاپان پاکستان کو مالی اعانت میں سے 16لاکھ 20 ہزار ڈالر یونیسیف کےذریعے دےگا، جبکہ 5 لاکھ 40 ہزار ڈالر بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرین کےذریعے فراہم کیے جائیں گے۔سفارتخانہ جاپان کا کہنا ہےکہ یہ رقوم حکومت پاکستان کو کورونا وائرس متاثرین کے لئے دی جائیں گی۔جاپانی سفارتخا نے کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان یہ رقم کوروناوائرس متاثرین کوٹریک کرنےاور علاج پر خرچ کرے گی۔