اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں، ہم معاشرے کے کسی طبقے کو عالمی وبا کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔قومی موقر نامے کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی خصوصی بریفنگ میں شرکت کی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی معاونت کے لیے ملک بھر میں فوج کی تعیناتی پر بریفنگ بھی لی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ فوجی جوان لوگوں کو وبا سے محفوظ بنانے کے لیے ملک کے کونے کونے میں پہنچیں، اور مشکل کی اس گھڑی میں لوگوں کو سہولت فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم مشترکہ قومی کوشش سے ہی تمام خدشات کو خطرات میں تبدیل ہونے سے پہلے روک سکتے ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں ذات، رنگ اور نسل و مذہب سے بالاتر ہوکر بطور ایک قوم مقابلہ کرنا ہوگا، درپیش ٹاسک پریشان کن ہے لیکن ہم پہلے مشکل حالات پر قابو پاچکے ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج عوام کی سیکیورٹی و تحفظ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔