اسلام آباد (این این آئی) تبلیغی جماعت کے وابستگان پر ظلم و ستم اور ان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کر کے اللہ رب العزت کے غیض و غضب کو دعوت مت دیں،تبلیغی جماعت کے ساتھ امتیازی سلوک ناقابل برداشت ہے،حکومت بیوروکریسی،پولیس اور میڈیا کو واضح ہدایات جاری کرے،تبلیغی جماعت کی کردار کشی کرنے والے عناصر مشکل کی اس گھڑی میں قومی وحدت کو سبوتاژکرنا چاہتے ہیں،تبلیغی جماعت کی آڑ میں اسلام دشمنی کے اظہار کی کوء کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،
موجودہ حالات کی وجہ سے گھر سے باہر پھنسے تبلیغی احباب کو دیگر پاکستانی مسافروں اور پردیسیوں کی طرح سمجھا جائے۔ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماؤں مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانا انوار الحق،مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں تبلیغی جماعت کے احباب پر ظلم و ستم اور ان بے لوث لوگوں کی دل شکنی و دل آزاری اللہ رب العزت کے غیض و غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے-انہوں نے مطالبہ کیا کہ تبلیغی جماعت کی کردار کشی کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے-وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ تبلیغی جماعت کی کردار کشی کرنے والے عناصر قومی وحدت کے دشمن ہیں انہیں بے نقاب کیا جائے-انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت پاکستان کا روشن چہرہ ہے اور ان کی خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جاتا ہے انہیں بے یار و مددگار سمجھنے کی غلط فہمی دور کر لی جائے-وفاق المدارس کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ حکومت بیوروکریسی،پولیس اور میڈیا کو اس حوالے سے فوری اور واضح ہدایات جاری کرے کہ تبلیغی جماعت کے احباب کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی روا نہ رکھی جائے-انہوں نے کہا کہ سکریننگ،احتیاط اور علاج کے جملہ تقاضے پورے وقار اور احترام سے پورے کیے جائیں – وفاق المدارس کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ بیرون اور اندرون ملک مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے تبلیغی جماعت کے احباب کو دیگر پاکستانیوں کی طرح جملہ سہولیات مہیا کی جائیں اورانہیں باحفاظت اپنے گھروں تک پہنچایا جائے۔