کراچی(این این آئی) کراچی میں کوروناوائرس کے2مریض دوران علاج دم توڑ گئے، جس کے بعد کراچی میں کورونا سے اموات کی تعداد 5 اور ملک بھر میں 24 ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ عذراپیچوہو نے کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 2مریض کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 52 اور 66 سال کے مریضوں کو 3دن قبل اسپتال لایا گیا تھا۔ وزیرصحت کے مطابق جاں بحق 66 سال کا شخص ڈائیلیسز پر تھا جبکہ دوسرے مریض کو سانس کا مسئلہ تھا۔ صوبائی وزیر نے بتایاکہ
سندھ میں کورونا وائرس سے جاں بحق پانچوں افراد کا تعلق کراچی سے ہے، کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 222 ہوگئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ سندھ بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 502 ہے، دادو سے ایک، حیدرآباد سے 7، لاڑکانہ سے 7کیس رپورٹ ہوئے جبکہ سکھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 265 ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ بھر میں 14مریض صحت یاب،5افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، صحت یاب 13 افراد کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے۔