مظفر آباد (این این آئی) آزادکشمیر میں کرونا وائرس کے شبہ میںگزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید18 نئے کیس درج ہوئے جن کے ٹیسٹ لے لیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ میرپور اور بھمبر میں کرونا کے نئے مریض سامنے آنے کے بعد ان کے خاندان کے 50افراد کے بھی ٹیسٹ لیے گئے ہیں ۔ محکمہ صحت عامہ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق
آزادکشمیر میں اب تک کرونا وائرس کے شبہ میں کل177 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں سے 84 کے رزلٹ آچکے ہیں اور78 افراد میں کرونا وائرس کی موجودگی نہیں پائی گئی جبکہ06 افراد میں کرونا وائرس پایا گیا ہے جن میں سے 4کو آئسولیشن وارڈ میرپور اور دوکو بھمبر میں رکھا گیا ہے ۔ ٹیسٹ کے رزلٹ آن کے بعد56افراد کو مختلف قرنطینہ سینٹرز سے ڈسچارج بھی کر دیا گیا ہے ۔ نئے درج ہونے والے کیسز میں مظفرآباد ڈویژن کے علاوہ باقی اضلاع میں مشتبہ افراد کے سیمپل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کو بھیج دیے گئے جبکہ مظفرآباد ڈویژن کے ٹیسٹ ایمز مظفرآباد میں کیے جارہے ہیں ۔ پریس ریلیز کے مطابق93افراد کے ٹیسٹ کے رزلٹ آنا باقی ہیں جو ایک دو روز میں موصول ہوجائیں گے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شبہ میں آنے والے مریضوں میں ایمز مظفرآباد میں8، ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور میں6، ڈی ایچ کیو ہسپتال کوٹلی ایک جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال باغ میں دو اور ڈی ایچ کیو ہسپتال پلندری میں ایک کیس درج ہوا۔ رپورٹ کے مطابق تمام اضلاع میں قرنطینہ سینٹرز اور آئسو لیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں اور مشتبہ افراد کو قرنطینہ سینٹر ز میں رکھا جارہا ہے جبکہ کرونا ٹیسٹ کو نتیجہ پازٹیو آنے کے بعد ان افراد کو آئسولیشن وارڈز میں منتقل کر دیا جاتا ہے ۔