کراچی(این این آئی)میئر کراچی وسیم اختر نے عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب مرنے والوں کی تدفین کے لیے شہر کے 5 قبرستان مختص کردیئے ہیں۔وسیم اختر کی زیر صدارت شہری حکومت کا اجلاس ہوا جس میں طے کیا گیا کہ کورونا وائرس کی وبا کے سبب مرنے والوں کی تدفین شہر کے 5 قبرستانوں میں کی جاسکے گی۔اجلاس میں طے پایا کہ گورکنوں کے لیے حفاظتی لباس کے سلسلے میں پی ڈی ایم اے سے رابطہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ضلع وسطی میں کورونا سے جاں بحق افراد کے لیے نارتھ کراچی کا شاہ محمد شاہ قبرستان مختص کیا گیا ہے اس کے علاوہ ضلع وسطی اور غربی کی میتیں سرجانی ٹائون کے قبرستان میں بھی دفنائی جاسکیں گی۔ضلع جنوبی اور غربی کی میتوں کی تدفین مواچھ گوٹھ کے قبرستان میں ہوگی، جبکہ کورنگی اور ملیر کی میتیں کورنگی 6 نمبر کے قبرستان میں سپردخاک کی جاسکیں گی۔