لاہور (نیوز ڈیسک) سابق وزیر خزانہ اور لیگی رہنما اسحاق ڈار نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم اپریل سے 15 روپے فی لٹر کمی کرے۔ لیگی رہنما اسحاق ڈار نے کہا کہ شرح سود کو 11 سے کم کرکے 9 فیصد اور روپے کی قدر کو مستحکم کرنا چاہیے تاکہ موجودہ بحران میں معیشت کو سنبھالا دیا جا سکے۔ سابق وفاقی وزیر نے حکومت کو تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ بحران اور عوامی مشکلات کم کرنے کے لئے
وفاقی حکومت کا کرونا ریلیف پیکج ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روپے کو مستحکم رکھا جائے، منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، اس موقع پر حکومت کو چاہیے کہ اپنی رٹ استعمال کرے۔ اشیاء اور ادویات کی قیمتوں کوکنٹرول کرے، حکومت کا فرض ہے کہ وہ ان چیزوں کو یقینی بنائے۔ اس طرح سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بات کرکے عوام کی حقیقی ترجمانی کی ہے۔