اسلام آباد( این این آئی )پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے کورونا سے بچا ئوکے لیے ماسک نہ پہننے والے مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری کرنے سے انکار کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلا ئوکی روک تھا م اور تدارک کے لئے پی آئی اے کے اہم اقدامات جاری ہیں، پی آئی اے کی جانب سے اسکردو ایئر پورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔پی آئی اے کی پرواز سے اسکردو سے اسلام آباد جانے والے مسافروں کو ماسک کے استعمال پر مکمل عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی
جب کہ طیارے میں بیٹھنے سے قبل مسافروں کو سینٹائز کیا گیا۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ بغیر ماسک والے مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری نہیں کئے جارہے ہیں، پی آئی اے کی ہر پرواز کی ڈس انفیکشن بین الاقوامی معیار کے مطابق کی جاتی ہے۔ترجمان عبداللہ خان نے بتایا کہ جہازوں پر مسافروں کو سوار ہونے سے قبل اور دوران پرواز ڈی سینیٹائزیشن کروائی جاتی ہے، ان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اپنے مسافروں اور کریو کی حفاظت اور صحت کو مقدم رکھتی ہے۔