چکوال(این این آئی) ضلع چکوال میں اتوار کو لاک ڈائون کے پانچویں روز ضلع چکوال کے تمام داخلی راستوں کو سیل کردیا گیا اور صرف ضلع چکوال کے شناختی کارڈ ہولڈرز کو ضلع میں داخل ہونے کی اجازت ،باقیوں کو واپس کیا جا رہا ہے۔
سانگ کلاں کے قریب چیک پوسٹ پر ڈھڈیال پولیس، پٹرولنگ اور ٹریفک پولیس ضلع چکوال میں داخل ہونے والے تمام لوگوں کی چھان بین کررہی ہے۔ڈی سی چکوال کیپٹن ر عبدالستار عیسانی اور ڈی پی او چکوال محمد بن اشرف کے حکم پر کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خطرے کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے احکامات پر عمل درآمد کروانے کے لیے پولیس تھانہ ڈھڈیال نے دوسرے اضلاع سے آنے والے لوگوں کی ضلع چکوال میں انٹری بند کر دی, تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ڈھڈیال سب انسپکٹر ملک اختر زمان نے انتظامیہ اور افسران بالا کے حکم پر سانگ باؤنڈری راولپنڈی روڈ پر ناکہ بندی کروا دی اور دوسرے اضلاع سے آنے والے تمام لوگوں کی ضلع چکوال میں انٹری بند کر دی گئی, سانگ باؤنڈری پر ڈھڈیال پولیس کے ناصر اے ایس آئی, اظہر عباس اور دیگر نفری کے علاوہ ٹریفک سارجنٹ گلشن اے ایس آئی اور دیگر اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں اور ڈی سی چکوال کیپٹن ر عبدالستار عیسانی اور ڈی پی او چکوال محمد بن اشرف کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کروا رہے ہیں۔