جیکب آباد(این این آئی) جیکب آباد میں انتظامیہ نے کرونا وائرس کی وجہ سے مساجد کو تالے لگا دئیے، ضلع بھر میں مندر کھلے رہے، مندوروں میں اکثر اوقات سینکڑوں لوگ موجود، انتظامیہ خاموش۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے کرونا وائرس کی وجہ سے مساجد کو نماز کے اوقات میں تالے لگائے جا رہے ہیں
اور لوگوں کو مسجد میں داخل ہونے نہیں دیا جا رہا جبکہ شہر کی جامع مساجد بھی بند ہیں اور مساجد کے باہر پولیس کو تعینات کردیا گیا ہے جو لوگوں کو نماز کے لیے مسجد میں داخل ہونے نہیں دے رہی، انتظامیہ کی جانب سے کئی مساجد کے پیش امام اور مہتمم کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں، دوسری جانب جیکب آباد میں ہندو برادری کے تمام مندر اور سکھ برادری کے گردوارے کھلے ہوئے ہیں جہاں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ ہر وقت موجودہوتے ہیں، شہر کا بڑا مندر سوامی کرشن گردربار سمیت دیگر بڑے بڑے مندر اور گوردوارے 24 گھنٹے کھلے ہوئے ہیں جوکہ حکومتی اعلان کے منافی ہے، اس سلسلے میں جے یو آئی کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مذہبی جماعتیں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے اور کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں مذہبی جماعتوں کا اہم کردار ہے مگر افسوس کہ انتظامیہ مساجد کے پیش اماموں کے خلاف غلط مقدمات درج کررہی ہے جوکہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ہوش کے ناخن لیں بصورت دیگر احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔