اسلام آباد (این این آئی) پاکستان نے اپنی مشرقی و مغربی سرحدیں مزید 2 ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے نیشنل سیکیورٹی معید یوسف نے ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ 14 مارچ کو قومی سلامتی کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ ملک کے مغربی اور مشرقی سرحدیں 2 ہفتے کے لیے بند رہیں گی،
وہ مدت 28مارچ پوری ہورہی تھی تاہم کورونا سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ سرحدیں مزید 2 ہفتے کے لیے مکمل طور پر بند رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری بندرگاہیں آپریٹ کر رہی ہیں، وہاں آپریشن جاری رہے گا اور وہاں ہماری اسکریننگ کا عمل بھی چلتا رہے گاانہوں نے کہاکہ بین الاقوامی پروازوں کی آمد پر 4 اپریل تک کی پابندی عائد کی گئی تھی جو قائم رہے گی، پہلے بیرون ملک جانے والی پروازوں پر پابندی عائد نہیں کی گئی تھی تاہم اتوار سے 4 اپریل تک اس پر بھی پابندی ہوگی۔معید یوسف نے کہا کہ بین الاقوامی پروازوں کی آمد کے بعد ہمارے جو مسافر ٹرانزٹ میں پھنس گئے ان کے لیے ہم نے وہاں کی ایئر لائنز سے مذاکرات کرکے واپسی کے انتظامات کیے تھے اور آخری اسٹیشن تھائی لینڈ سے بھی پاکستانی مسافر ہفتہ کی رات کو پہنچ جائیں گے، اس کے بعد ہمارا کوئی شہری کسی بھی ٹرانزٹ ایئرپورٹ پر پھنسا ہوا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ان تمام پابندیوں کا مقصد کورونا وائرس کے خلاف ہماری تیاری مکمل کرنا ہے کہ جب ہم اپنی فضائی حدود کھولیں تو کوئی ایسا اندیشہ نہ ہو کہ باہر سے آنے والے مسافر اپنے ساتھ وائرس لا رہے ہیں اور پھیلاؤ کا ذریعہ بن رہے ہو۔