اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہاہے کہ وزیراعظم کا خطاب مایوس کن اور بے نتیجہ رہا،بڑے عہدے پر ایک چھوٹا آدمی بھلا کیسے عظیم بحرانوں کا مقابلہ کرسکتا ہے؟ ۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ وزیراعظم کا خطاب مایوس کن اور بے نتیجہ رہا، تفتان بارڈر پر ہونے والی ہولناک تباہی پر سرزنش کے بجائے عمران خان نے الٹا تعریف کی۔سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ یہ
حیران کن ہے کہ عمران خان نے ایک بار بھی اپنے خطاب میں مراد علی شاہ کی توصیف نہیں کی، عمران خان نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے عمل کی خود نگرانی کرنے کا اعلان کیا تھا۔شیری رحمان نے کہاکہ اگر عمران خان کرونا وائرس سے بچاؤ کے عمل کے نگران تھے تو جو تفتان میں ہوا، وزیراعظم اس کے بھی ذمہ دار ہیں۔ شیری رحمان نے کہاکہ عمران خان فوری طور پر وزیراعلی سندھ کی سفارشات کو ملک بھر میں نافذ کرائیں۔