لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس باقر علی نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے جنگ جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے درخواست کو قابل سماعت قرار دے دیا ہے۔
درخواست پر آئندہ سماعت 26 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔ عدالت نے نیب کو حکم دیا ہے کہ میر شکیل الرحمن کی اہلیہ شاہینہ شکیل کی اپنے شوہر سے ملاقات کروائی جائے اور میر شکیل الرحمن کا میڈیکل چیک اپ کروایا جائے۔عدالت عالیہ نے اپنے حکم میں قرار دیا ہے کہ میر شکیل الرحمن ایک صحافی ہیں اور صحافی کو سیل میں پڑھنے کے لئے کتابیں فراہم کی جائیں۔ دوران سماعت میر شکیل الرحمن کی اہلیہ شاہینہ شکیل اور ان کے تین صاحبزادے بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ میر شکیل الرحمن کی طرف سے ان کے وکیل چوہدری اعتزاز احسن عدالت میں موجود تھے۔ جنہوں نے کیس کی پیروی کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل میر شکیل الرحمن نیب کی جانب سے طلب کرنے پر عدالت میں پیش ہوتے رہے۔ نیب نے میر شکیل الرحمن کو سوالنامے کے لئے 12 مارچ کو بلایا۔ جہاں وہ گئے تو نیب نے انہیں گرفتار کرلیا۔ عدالت نے نیب کو بھی 26 مارچ کے ئے نوٹس جاری کردیا ہے۔