اسلام آباد(آن لائن) کرونا وائرس ،پارلیمنٹ ہائوس کی تمام بائیو میٹرک مشینیں ہٹا دی گئی ہیں سینیٹ اور قومی اسمبلی کی تمام برانچز کو حاضری رجسٹر فراہم کر دئیے گئے ہیں ،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھی کرو نا وائرس سے بچاؤ کے لئے آگاہی مہم کا آغاز کر دیاہے۔ پارلیمنٹ ہائوس میں ملازمین کی حاضری کیلئے نصب تمام بائیو میٹرک مشینیں کرونا وائرس کے خطرے سے
بچائو کیلئے حفاظتی اقدامات کے تحت ہٹادی گئی ہیں اس سلسلے میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مختلف برانچز میں کام کرنے والے ملازمین کو اگاہ کیا گیا ہے کہ وہ باقاعدگی کے ساتھ حاضری رجسٹر میں بروقت حاضری کا اندراج کریں واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ نے منگل کو دفتر میں ماسک پہنا اور حفاظتی اقدامات اٹھانے کے لئے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ اراکین پارلیمنٹ اورمیڈیا عوام میں آگاہی کے لئے اپنا بھر پورکردار ادا کریں اور عوام میں افراتفری اور سنسنی پھیلانے کی بجائے شعور اجاگر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مناسب آگاہی کی بدولت کسی بھی بڑے نقصان سے بچا جا سکتا ہے اورادارے آپس کی رابطہ کاری کو بڑھائیں اور عوام تک درست معلومات پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس وبا سے خوف زدہ ہونے کی بجائے حفاظتی اقدامات اختیار کر کے موذی مرض سے بچ سکتی ہے۔