لاہور(این این آئی) شیخ رشید کے استعفے اور خواجہ سعد رفیق کو کنٹریکٹ پر وزیر ریلوے تعینات کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی ۔مسلم لیگ (ن)کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سکھر میں روہڑی کے قریب ٹرین حادثے میں 25افراد کی ہلاکت پر گہرے
افسوس کا اظہار کرتا ہے۔ٹرین اور بس میں حادثہ پھاٹک نہ ہونے کے باعث پیش آیا،جس کی وجہ سے حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ٹرین حادثات میں مسلسل اضافہ باعث تشویش ہے۔وفاقی وزیر ریلوے کی محکمے پر توجہ کم اور سیاسی مخالفین پر زیادہ ہوتی ہے۔شیخ رشید نے ریلوے جیسے منافع بخش ادارے کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔شیخ رشید کی موجودگی میں ٹرین حادثات میں 150کے قریب لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔شیخ رشید ریلوے جیسے بڑے ادارے کو چلانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ قرار داد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید سے فی الفوراستعفی لیا جائے اورسابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو کنٹریکٹ ریلوے کا وزیر تعینات کیا جائے۔ریلوے کی ڈوبتی کشتی کو بچانے کا ایک یہی واحد راستہ ہے۔