اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 20 روپے فی لیٹر کمی کی جائے، یہ مطالبہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بے حد کمی ہو چکی ہے، اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے دور میں لیوی ٹیکس 8 روپے تھا جب کہ ان کے دور میں 17 سے 20 روپے لیا جا رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور معاشی ارسطو ہماری حکومت میں بڑے بڑے دعوے کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر حکومت نے بلاوجہ ٹیکسز لگا رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈیزل کی قیمت پر ٹیکسز نہیں لیتے تھے، بلکہ سبسڈی بھی دیتے تھے ڈیزل کی قیمت ہم نے 48روپے رکھی اور اس میں اضافہ نہیں ہونے دیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام پر اتنا ظلم نہ کریں کہ یہ سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لیوی ٹیکس واپس لیا جائے اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے تناسب سے عوام کو ریلیف دیا جائے، اسحاق ڈار نے مطالبہ کیا کہ یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات میں بیس روپے تک کمی کی جائے۔