اسلام آباد(آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2020ء کے پہلے مرحلے میں پیش کئے جانیوالے پروگرامز (میٹرک ٗ ایف اے ٗ سرٹیفکیٹ کورسسز اور اوپن ٹیک کورسسز)کے داخلہ فارم 21۔فروری تک وصول کئے جائیں گے۔ یونیورسٹی نے قبائلی علاقہ جات (سابقہ فاٹا)اور بلوچستان کے طلبہ کو میٹرک کی مفت تعلیم فراہم کرنے کا منصوبہ بھی شروع کررکھا ہے۔وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے
اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اِن علاقوں کے لوگ یونیورسٹی کی اس سہولت سے بھرپور فائدہ حاصل کرکے یونیورسٹی کے میٹرک پروگرام میں داخل ہوکر اپنا تعلیمی سلسلہ دوبارہ جاری کریں گے۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے متعلقہ علاقائی ناظمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بذات خود اِن علاقوں کے ہر کونے کا دورہ کریں اور یونیورسٹی کا پیغام اِن علاقوں میں رہائش پذیر تمام لوگوں تک پہنچائیں اور انہیں اس سہولت سے مستفید ہونے کی جانب راغب کریں۔وائس چانسلر کی خواہش کہ علم حاصل کرنے کا ایک بھی خواہشمند تعلیم حاصل کرنے سے محروم نہ رہے کیونکہ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔میٹرک اور ایف اے پروگرامز میںداخلے کے خواہشمندافراد کو نزدیک ترین مقامات پر سہولت فراہم کرنے کیلئے ملک بھر میں تحصیل سطح پر “پراسپکٹس سیل پوائنٹس “قائم کردئیے گئے ہیں۔ طلبہ کی معاونت و رہنمائی کیلئے ملک کے 51۔شہروں میں قائم یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں “انفارمیشن ڈسکس/کائونٹرز” بھی قائم کئے جاچکے ہیں۔