اسلام آباد(آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما عثما ن ڈار نے کہا ہے کہ خواجہ آصف قومی وقار کو بالائے طاق رکھ کر وزیر دفاع ہوتے ہوئے غیر ملکی کمپنی کے ملازم بنے، سر فخر سے بلند نہیں شرم سے جھک جانے کامقام ہے ذرا بھی حیا ہوتی تو اقامہ پھینک کر قوم سے معافی مانگتے ، جمعرات کے روز مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے آرٹیکل 6 کے تحت انکوائری کے بیان پر
رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا ہے کہ خواجہ آصف نے جو بویا ہے وہی کاٹناپڑے گا وہ بطور وفاقی وزیر ملک کی شرمساری کا باعث بنے ، خواجہ آصٖ کے پاس دفاع اور امور خارجہ کی حساس وزارتیں تھیں وہ بتائیں کہ وزیر دفاع ہوتے ہوئے کسی اور ملک کا اقامہ کیوں رکھا جبکہ قومی وقار کو بالائے طاق رکھتے ہوئے غیر ملکی کمپنی کے ملازم بنے اس حرکت پر سر فخر سے بلند نہیں بلکہ شرم سے جھک جانے کا مقام ہے۔ اگر خواجہ آصف میں ذرا بھی حیا ہوتی تو اقامہ پھیک کر قوم سے معافی مانگتے ، عثمان ڈار نے کہا ہے کہ اقامہ رکھنے پر خواجہ آصٖف کے نام نہاد لیڈرکو سپریم کورٹ نے نا اہل کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ عثمان ڈار اقامہ کی بنیاد پر خواجہ آصف کے خلاف ایک انتہائی مضبوط کیس کے دعوے کے ساتھ عدالت گئے تھے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے تو خواجہ آصٖف کے خلاف فیصلہ بھی دیا تھا تا ہم بعد ازاں خواجہ آصف کی اپیل پر سپریم کورٹ نے فیصلہ کالعدم قرار دے کر خواجہ آصٖف کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔