اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کے شہر جھنگ میں ڈاکٹر کو اس کا فرض یاد دلانا اسٹاف نرس کو مہنگا پڑ گیا۔ ڈاکٹر نے نرسنگ آفس میں داخل ہو کر نرس پر تھپڑوں کی بارش کردی۔ہسپتال انتظامیہ نے صورتحال کا نوٹس لینے کے بجائے چپ سادھ لی۔
نجی ٹی وی کے مطابق جھنگ کے علاقے شور کورٹ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں جب اسٹاف نرس نے ایک مریض کی خراب طبیعت کی نشاندہی کرتے ہوئے ڈاکٹر صفدر سے وارڈ کا وزٹ کرنے کے لیے کہا تو وہ غصے میں آگیا اور ڈاکٹر صفدر نے نہ صرف وارڈ کا وزٹ کرنے سے انکار کیا بلکہ نرسنگ آفس میں داخل ہو کر روبینہ نامی نرس پر تھپڑوں کی بوچھاڑ کردی۔ڈاکٹر کی جانب سے نرس کو تشدد کا نشانہ بنانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے۔ جس میں با آسانی دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکٹر کس طرح دندناتے ہوئے نرسنگ دفتر میں داخل ہوتا ہے اور نرس کو تشدد کا نشانہ بناتا ہے۔افسوسناک امرہے کہ ڈاکٹر صفدر اس غیر انسانی فعل کی انجام دہی پر شرمندگی محسوس کرنے کے بجائے دفتر سے سینہ تان کر نکلتا ہوا دکھتا ہے کہ جیسے اس نے کوئی قلعہ فتح کیا ہو۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جھنگ طاہروٹو نے ڈاکٹر کو نوکری سے فارغ کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ پولیس نے ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا۔