اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ کابینہ نے شریف خاندان، آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی سے کیمپ آفسسز اور سیکیورٹی کی مد میں خرچ کی گئی رقم ایک مہینے میں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کو وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مراد سعید نے کہا کہ ماضی میں
قومی اداروں کو گروی رکھ کر قرضے لیے گئے، 10 سال میں 24 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا گیا، اس قدر قرضوں کے باوجود ملک میں صحت اور تعلیم سمیت کسی شعبے میں بہتری نہیں آئی، پاکستان کو شاہ خرچیاں کرنے والے حکمرانوں نے لوٹا۔مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قوم کے ٹیکس کا پیسہ بچارہے ہیں، وہ وزیراعظم ہاؤس کی بجائے بنی گالہ میں ذاتی رہائش گاہ میں مقیم ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یوسف رضا گیلانی نے اپنی وزارت عظمیٰ کے دوران ملتان اور لاہور میں 5 کیمپ آفسز بنا رکھے تھے۔ آصف زرداری نے 3 کیمپ آفس رکھے تھے، آصف زرداری نے سیکیورٹی کے نام پر163ارب سے زائد کے اخراجات کیے، شریف خاندان کے لئے سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 2753 تھی، جاتی امراکی سیکیورٹی پر 214 کروڑ 13لاکھ روپے خرچ ہوئے، جاتی امرا کے اطراف باڑ لگانے پر قومی خزانے سے27 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ نواز شریف نے لندن کے 25 نجی دورے کیے، وہ بیرون ملک علاج کے لیے خصوصی طیارے پر گئے، شہباز شریف نے 872 کروڑ 59لاکھ سے زائد خرچ کئے، انہوں نے نواز شریف کے طیارے کو 556 بار استعمال کیا، کابینہ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ماضی میں پیسوں کا جو ضیاع کیا گیا وہ ان سے واپس لیں گے۔ انہوں نے ایک مہینے میں پیسے واپس نہ کئے تو قانونی کارروائی ہوگی ، آئندہ کے لیے فیصلہ ہوا ہے کہ صدر یا وزیراعظم کیمپ آفسسز نہیں رکھ سکیں گے۔