لاہور (آن لائن)محکمہ خوراک پنجاب نے آٹے کا ٹرک مسلم لیگ(ن) کی رہنما عظمی بخاری کے گھر کے باہر کھڑا کر دیا جبکہ عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کے کہنے پر میرے گھر کے باہر آٹے کے 15 تھیلے رکھ کر تماشا کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں محکمہ خوراک پنجاب نے مسلم لیگ(ن) کی رہنما عظمی بخاری کے گھر کے باہر آٹے سے بھرا ٹرک کھڑا کر دیا اور محکمہ خوراک کے ملازمین نے گھر کی گھنٹی بجا کر کہا کہ میڈیم آٹا لے لو آٹے سے بھرا ٹرک آپ کے گھر کے باہر کھڑا ہے اس حوالے سے محکمہ خوراک کا موقف ہے کہ عظمی بخاری نے گزشتہ روز ایک ٹی وی ٹاک شو میں کہا تھا کہ آٹے کا شدید بحران ہے اگر آٹے کا بحران نہیں ہے تو میرے گھر بھی بھجوا دو اور آٹے سے بھرا ٹرک ان کی خواہش کے مطابق بھیجا ہے ۔ دوسری جانب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک پنجاب نے آٹے کے 15 سے 20 تھیلے میرے گھر کے باہر رکھے ہیں اور محکمہ خوراک کے ملازمین نے گھنٹی بجا کر کہا ہے کہ میڈیم آٹا لے لو پر سارا تماشا پنجاب حکومت کے کہنے پر میرے گھر کے باہر کیا گیا ۔ کال کرنے پر فوڈ کنٹرولر نے مجھ سے معذرت کی ۔