لاہور( این این آئی )لاہور ہائیکور ٹ نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی مشروط اجازت اور میڈیکل رپورٹس پرسرکاری وکیل کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔
دوران سماعت کھانے کے ذکر پر سرکاری وکیل کی بات کا نواز شریف کے وکیل نے ترکی بہ ترکی جوابہ دیا جس پر فاضل عدالت نے دونوں کو عدالت میں سیاسی بیان بازی سے روکدیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سماعت کی ۔ دوران حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان پیش ہوئے۔عدالت نے استفسار کیا کہ نواز شریف کب آرہے ہیں، وہ واپس آئیں گے یا وہیں بیٹھ کر سب چلائیں گے۔ حکومتی وکیل نے کہا کہ سابق وزیراعظم ہائیڈ پارک میں برگر کھاتے نظر آتے ہیں۔نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ اگر نواز شریف برگر نہ کھائیں تو کیا روزے رکھ لیں۔نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے مزید بتایا کہ ہم نے سابق وزیراعظم کی صحت مکمل بحال نہیں ہوئی، سفارتکار سے تصدیق شدہ رپورٹس حکومت اور عدالت میں جمع کروا چکے ہیں۔عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے اپنا جواب جمع کیوں نہیں کرایا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ انہیں نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس نہیں ملیں۔عدالت نے سرکاری وکیل کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔