جدہ (این این آئی) سعودی عرب میں جدہ ضلع کی انتظامیہ نے اہم شاہراہوں کو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین، علما کرام اور دیگر مشہور شخصیات کے ناموں سے موسوم کر دیا ہے۔سعودی اخبار کے مطابق جدہ ضلع کے سکریٹریٹ کے سرکاری ترجمان محمد البقمی نے بتایا کہ متعلقہ کمیٹی نے شاہراہوں اور دیگر اہم مقامات کو ناموں سے موسوم کرنے کے لیے تین طبقات متعین کیے ہیں۔
پہلے طبقے میں اہم مرکزی شاہراہوں کے لیے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ علما کرام اور ملکی سطح پر سیاسی، اقتصادی اور علمی شعبوں کی بڑی شخصیات کے نام بھی شامل ہیں۔دوسرے طبقے میں علاقوں کے اندر موجود سڑکوں کو جن شخصیات کے ناموں سے موسوم کیا گیا،ان میں سائنس دان، مفکرین، دانش ور اور ثقافتی زندگی میں نامور ادیب اور شعرا کے علاوہ دین اور وطن کے لیے جانوں کو قربان کرنے والے افراد شامل ہیں۔تیسرے طبقے میں ذیلی سڑکوں اور راستوں کے نام مقامی اور عالمی سطح پر سماجی حیثیت رکھنے والی عمومی شخصیات سے موسوم کیے گئے ہیں۔ ان کے علاوہ اہم اسلامی اور عالمی واقعات، اقدار اور اخلاقیات اور مختلف جمالیاتی تخلیق مثلا پھولوں اور درختوں وغیرہ کے نام بھی شامل ہیں۔