لاہور (آن لائن) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عوامی مسائل سے بے نیاز ہو کر حریم اور ترمیم میں الجھی ہوئی ہے۔ آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر متفق ہونے والے عوام کے مسائل پر کب متفق ہوں گے۔ کوئٹہ میں خودکش دھماکہ قابل مذمت ہے۔ بلوچستان عالمی گریٹ گیم کی زد میں ہے۔ حکومت ملک میں امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔
امریکہ افغانستان میں ڈرون حملے بند کرے۔ مسلم ممالک متحد کر امت مسلمہ کے مفادات کا تحفظ کریں۔ ایران امریکہ کشیدگی سے عالمی امن شدید خطرات سے دوچار ہے۔ کشمیر، فلسطین اور افغانستان میں مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے۔ سخت ترین پہرے میں مغربی سفارتکاروں کے دورہ کشمیر سے مودی کے جھوٹ کا پول کھل گیا ہے۔ بھارت عالمی میڈیا اور سفارت کاروں کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دے۔ قومی کشمیر کمیٹی کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے۔ حکمران مسئلہ کشمیر بھول چکے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈال دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی و صوبائی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ عمران نیازی کس منہ سے سابقہ حکومت کے منصوبوں کا افتتاح کر رہا ہے۔ موجودہ حکومت نے ڈیڑھ سال کے دوران کوئی بڑا منصوبہ شروع نہیں کیا۔ پشاور میٹر بس منصوبے کی شفاف تحقیقات ہوئیں تو آدھی پی ٹی آئی جیلوں میں ہو گی۔ کسی ایک اتحادی جماعت نے حکومت کا ساتھ چھوڑا تو حکومت کا دھڑن تختہ ہو جائے گا۔ وزیراعظم کی گردن سے سریا نکل چکا ہے۔ انصاف سے عاری احتساب دراصل انتقام اور الزام ہے۔ حکومت نئے نیب آرڈیننس کے ذریعے کرپٹ وزراء کو بچانا چاہتی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں میں اختلافات پیدا کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔