اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ جنرل منوج ہم لائن آف کنٹرول پر تمہارا انتظار کررہے ہیں۔پاک سرزمین کی جانب بڑھ کر تو دیکھو ہندوستانی فوج کے پاس اتنے تابوت نہیں جتنی تم نعشیں اٹھاؤگے،آزادکشمیر کی جانب اگر ہندوستانی فوج بڑھی تو ہم سب اپنی فوج کے شانہ بشانہ لڑینگے۔مقبوضہ کشمیر میں پتھروں سے
ڈرنے والی فوج میں اتنی ہمت نہیں کہ آزادکشمیر کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔ اگر ایسا کرنے کی کوشش بھی کی گئی تو لڑائی لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب لڑی جائیگی۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام اپنی بہادر مسلح افواج پاکستان کے ساتھ مل کر ہندوستانی فوج کو وہ سبق سکھائیں گے جو وہ رہتی دنیا تک یاد رکھے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے اندر ہندوستانی اقدامات، ظلم، جبر اور بربریت سے آزادکشمیر کے لوگ شدید پریشان اور غم و غصے میں ہیں اور وہ لائن آف کنٹرول کو عبور کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔ ہم نے بڑی مشکل سے انہیں روک رکھا ہے۔ اگر ہندوستان کسی بھی قسم کی جارحیت کی کوشش کرتاہے جیسے ہندوستان کے آرمی چیف نے کہا ہے تو وہ پھر یاد رکھے گا کہ اس کو پھر اپنے فوجیوں کی نعشیں دفنانے کے لیے تابوت نہیں ملیں گے۔ آزادکشمیر کے لوگ بہادر جری ہیں اور پاک فوج سے پہلے دشمن کے دانت کھٹے کریں گے پاک فوج سے آگے لڑائی لڑیں گے اور اگر جنگ ہوئی تو پھر جنگ دوسری طرف جائے گی۔